4 اپریل 2012 - 19:30

حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران مغربی ملکوں کی سازشوں کا کامیابی سے مقابلہ کرسکتا ہے۔

ابنا: شیخ نعیم قاسم نے آج بیروت میں ایک تقریب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کے ہرعلاقے میں اپنے طرفداروں اور اپنے عوام کی مدد سے مغرب کی طرح طرح کی سازشوں کا کامیابی سے مقابلہ کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف مغربی ممالک بالخصوص امریکہ سازشوں میں مشغول ہے اور ایران کے خلاف امریکہ اور مغربی ملکوں کی سازشیں پرامن ایٹمی پروگرام کے حوالے سے نہیں ہیں بلکہ امریکہ دراصل اسلامی جمہوریہ ایران سے اٹھنے والی مزاحمتی تحریک کو ختم کرنا چاہتا ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ امریکہ علاقے میں تسلط پسندانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور علاقے میں کشیدگي اور بدامنی پھیلا کر اسلامی ملکوں کے خلاف صہیونی ریاست کو تحفظ فراہم کرنے اور اسکی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے بحرین میں جاری انقلاب کے بارے میں کہا کہ عالمی اداروں کی جانب سے آل خلیفہ کی شاہی حکومت کی حمایت سے ملت بحرین ان سے متنفر ہوچکی ہے کیونکہ بحرین کے عوام بغیر کسی بیرونی مداخلت کے آزادی اور خود مختاری حاصل کرنے کےلئے تحریک چلارہے ہیں۔ حزب اللہ کے نائب سربراہ نے شام میں بشار اسد کی حکومت کے خلاف بیرونی سازشوں کی طرف اشارہ کرتےہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کے ساتھ بعض ممالک نے بشار اسد کی حکومت گرانے کےلئے سرجوڑ کر منصوبہ بندی کی تھی لیکن آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ شام کے عوام کی مزاحمت اور پائداری سے دشمنوں کو پسپا ہونا پڑرہا ہے۔
.......

/169